سرینگر :20،جنوری :سری نگر کے نٹی پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے جموں و کشمیر کے مشترکہ مسابقتی امتحان 2021 میں پوری یو ٹی میں 10 واں رینک حاصل کرکے کوالیفائی کیا ہے۔
ایشین نیوز ہب (اے این ایچ) سے گفتگو کرتے ہوئے ثاقب نے کہا کہ وہ جے کے اے ایس میں 10 ویں رینک حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں جس کی وہ گزشتہ 9 سالوں سے تیاری کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ” میں نے یو پی ایس سی کے لیے تیاری کی لیکن ناکام ہو گیا اور آخر کار جے کے اے ایس کوالیفائی کیا“۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی توجہ اس بات پر تھی کہ انہیں یہ کرنا ہے اور آخر کار کر لیا۔
مزید ان کا کہنا ہے کہ جنہوں نے کوالیفائی نہیں کیا انہیں امید نہیں کھونی چاہئے کیونکہ JKAS پوری دنیا نہیں ہے، لیکن اس کے علاوہ اور بھی زرائع ہیں جن کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو امید نہیں ہارنی چاہیے، لیکن نوجوانوں کو سخت محنت اور مستقل مزاجی سے کام کرنا چاہیے، اور ایک دن، وہ یقینی طور پر اپنے مقاصد تک پہنچیں گے۔
ان کی والدہ کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش ہیں اور گھر میں تہوار کا ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثاقب سمجھدار ہے جس نے ہمیشہ اپنے والدین کی بات مانی ہے اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں پر دباؤ نہ ڈالیں اور انہیں پڑھائی پر توجہ دینے دیں تاکہ ان کے خوابوں کو پورا کیا جا سکے۔






















