جنوری، 17: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی سے ’کشمیر‘ جیسے سلگتے ہوئے نکات پر مخلصانہ بات چیت کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بیان پیر کو دبئی میں قائم العربیہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے دیا۔
شہباز شریف نے نیوز ایجنسی اے این آئی کے حوالے سے کہا کہ” پاکستان نے بھارت کے ساتھ تین جنگوں کے بعد سبق سیکھ لیا ہے اور اب وہ اپنے پڑوسی کے ساتھ امن چاہتا ہے۔ میرا ہندوستانی قیادت اور وزیر اعظم مودی کو پیغام ہے کہ آئیے میز پر بیٹھیں اور کشمیر جیسے سلگتے ہوئے نکات کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ بات چیت کریں،‘‘ ۔
انہوں نے مزید کہا کہ” ہم پڑوسی ہیں، آئیے بہت دو ٹوک بنیں، چاہے ہم اپنی پسند کے پڑوسی نہ بھی ہوں ہم ہمیشہ کے لیے وہاں موجود ہیں اور یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم امن سے رہیں اور ترقی کریں یا ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑا کریں اور وقت اور وسائل کو ضائع کریں،‘‘
اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کشمیر کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور وہاں جو کچھ ہو رہا ہے اسے روکنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بموں اور گولہ بارود پر وسائل ضائع نہیں کرنا چاہتا۔ ہم ایٹمی طاقتیں ہیں، اور اگر خدا نہ کرےجنگ چھڑ جائے تویہ کہنےکےلیے کون زندہ رہے گا کہ کیا ہوا؟ ۔























